کراچی آمد؛ آئی ایم ایف مشن دو ہفتے تک معیشت کا جائزہ لے گا
اسلام آباد (ویب ڈیسک)عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن پاکستان پہنچ گیا ہے، جو 7 ارب ڈالر کے پروگرام پر مذاکرات کرے گا۔
ذرائع کے مطابق مشن اسلام آباد کے بجائے کراچی پہنچا ہے، جہاں آج سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کا آغاز ہوگا۔ مشن دو ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گا اور ملکی معیشت کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گا۔
آئی ایم ایف مشن کی رپورٹ ہی یہ طے کرے گی کہ پاکستان کو پروگرام کے تحت قسط کی ادائیگی کی جائے گی یا نہیں۔ ذرائع کے مطابق اس دوران مشن مالیاتی اہداف، بجٹ خسارے اور اقتصادی اصلاحات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لے گا۔
مزید برآں، وفد پاکستان میں حالیہ سیلاب کے معیشت اور بجٹ اہداف پر اثرات کا بھی تفصیلی مطالعہ کرے گا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ مالی پالیسی پر کس حد تک دباؤ پڑا ہے۔