کوئٹہ چمن سمیت مختلف علاقوں میں موبائل سروس اچانک بند. عوام میں تشویش

0

چمن سمیت کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اور کال سروس بند

سروس کی اچانک بندش سے شہریوں میں خوف و تشویش، صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی وضاحت سامنے نہیں آسکی

کوئٹہ(کوژک نیوز ) چمن سمیت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اچانک انٹرنیٹ سروس اور موبائل کال سروس بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات اور تشویش کا سامنا ہے۔شہریوں کے مطابق موبائل فون کالز اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث معمولاتِ زندگی، کاروباری سرگرمیوں اور باہمی رابطوں میں مشکلات پیدا ہوگئی ہیں، جبکہ سروس کی اچانک معطلی کے باعث مختلف علاقوں میں خوف و ہراس کی کیفیت بھی پیدا ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق صوبے کی اہم شاہراہوں اور مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تاہم انٹرنیٹ اور موبائل کال سروس کی بندش کے حوالے سے صوبائی حکومت یا انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ وجہ یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر مواصلاتی سروسز کی بندش کی وجوہات واضح کرے اور اگر کسی مخصوص سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سروسز معطل کی گئی ہیں تو عوام کو اعتماد میں لیا جائے۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی غیر اعلانیہ بندش سے نہ صرف عام شہری بلکہ صحافی، تاجر، طلبہ اور آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

کوژک نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صورتحال سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

www.dailykozak.com.pk

Leave A Reply

Your email address will not be published.