مستونگ: کھڈکوچہ میں مزدوروں پر دھماکہ، 4 افراد شہید، 3 زخمی
مستونگ: کھڈکوچہ میں مزدوروں پر دھماکہ، 4 افراد شہید، 3 زخمی
مستونگ(کوژک نیوز) بلوچستان میں بدامنی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں گیت کے مقام پر باغ میں کام کرنے والے مزدوروں کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 مزدور شہید جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد شہید افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق زخمیوں میں علی رضا مینگل، نصیب اللہ ابڑو اور خالد حسین شامل ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد باغ میں مزدوری کرتے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور متعلقہ اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ دھماکے کی نوعیت اور اس کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی، جبکہ مقامی لوگوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور دھماکے کے حوالے سے مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔