شہباز شریف: اگلے مرحلے میں بجلی کے لائن لاسز پر قابو پانے پر توجہ دی جائے گی

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں گردشی قرض تمام وسائل کو نگل رہا تھا، اس کے مسائل سے نمٹنا حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

اسلام آباد میں توانائی کے گردشی قرضے کے خاتمے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے نیویارک سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گردشی قرض مسلسل بڑھ رہا تھا، تاہم ٹاسک فورس اور وزارتِ توانائی نے انتھک محنت سے اس مسئلے کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگلے مرحلے میں بجلی کے شعبے میں لائن لاسز جیسے بڑے چیلنج پر توجہ دی جائے گی۔

وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے بتایا کہ حکومت کے آغاز پر پاکستان کا گردشی قرضہ تقریباً 22.4 کھرب روپے تھا، جسے اب تک 800 ارب روپے کم کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 1225 ارب روپے کے قرضے میں کمی کے لیے نئی اسکیم پر دستخط ہو رہے ہیں جس سے مزید کمی ممکن ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں صارفین ہر یونٹ بجلی پر ساڑھے تین روپے ڈیٹ سروس سرچارج ادا کرتے رہے، جو صرف سود کی ادائیگی میں استعمال ہوتا تھا اور اصل قرض برقرار رہتا تھا۔ تاہم نئی اسکیم کے تحت یہ رقم سود کے ساتھ اصل قرض کی ادائیگی میں بھی استعمال ہوگی، جس سے آئندہ چھ سالوں میں گردشی قرض کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ بجلی کے شعبے کے 1225 ارب روپے کے گردشی قرض کا حل مالی نظم و ضبط قائم کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی بڑی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی وزیراعظم کی ٹاسک فورس کی تاریخی کاوشوں، وزارتِ توانائی، وزارتِ خزانہ، اسٹیٹ بینک، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور 18 شراکتی بینکوں کے مضبوط تعاون کے باعث ممکن ہوئی۔

وزارتِ خزانہ نے بھی اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف توانائی کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب پیش رفت ہے بلکہ اداروں کے باہمی تعاون اور ٹیم ورک کی کامیاب مثال بھی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.