بلوچستان. سیکورٹی فورسز کی آپریشن 2 خودکش سمیت 10 دہشتگرد گرفتار

0

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک، 2 خاتون خودکش حملہ آور گرفتار

 

کوئٹہ (کوژک نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ دو خاتون خودکش حملہ آوروں سمیت ایک مبینہ سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور مستونگ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر متعدد آپریشنز کیے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ مستونگ میں کی گئی کارروائی میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

 

ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ دو خاتون خودکش حملہ آوروں اور ان کے ایک مبینہ سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی جانب سے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، جبکہ ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

 

ترجمان پاک فوج کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.