کوئٹہ اے ایس ایف انسپکٹر سمیت 2 اہلکار اغوا
کوئٹہ. بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور لاقانونیت کے ایک اور واقعے میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے ایک انسپکٹر سمیت دو افراد کے مبینہ طور پر اغوا ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
پولیس کے مطابق مغوی انسپکٹر زبیر احمد اسلام آباد میں اے ایس ایف میں تعینات تھے اور چند روز قبل چھٹی پر اپنے آبائی علاقے آئے ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق انسپکٹر زبیر احمد دو روز قبل اپنے ایک دوست کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھر سے نکلے تھے، تاہم اس کے بعد دونوں لاپتہ ہوگئے۔اہل خانہ کی جانب سے تلاش کے باوجود دونوں افراد کا کوئی سراغ نہ ملنے پر انسپکٹر زبیر احمد کے والد کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ مغوی افراد کی بازیابی کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب اس واقعے کے بعد شہری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مغوی افراد کی فوری اور محفوظ بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور صوبے میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور لاقانونیت پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔