نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ملکی ترقی میں ان کا کردار اہم ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

0

لاہور (ویب ڈیسک)پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج اندرونی امن کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے مسائل پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کی ساکھ کو مضبوط کیا اور عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کیا ہے۔

جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کے دورے کے موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے سربراہ ادارہ علامہ سید جواد نقوی اور طلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان ہیں، ملکی ترقی اور استحکام کے لیے ان کا کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاک فوج نے ہر دور میں ملک کے دفاع کی ذمہ داری پوری کی ہے اور قومی یکجہتی کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے نتائج نے دنیا میں پاکستان کے مؤقف کو تقویت دی ہے۔

اس موقع پر طلبہ نے مختلف سوالات کیے جن کے جوابات ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیل سے دیے۔ طلبہ نے کہا کہ اس نشست سے ان کے شکوک و شبہات دور ہوئے ہیں اور وہ منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

علامہ سید جواد نقوی نے طلبہ کو قومی ذمہ داریوں کا شعور دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.