غزہ کیلیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی ڈرون حملے، کمیونیکیشن مفلوج، کارکنوں کی جانوں کو خطرہ
یونان (ویب ڈیسک)غزہ کی جانب روانہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور فلیٹ کو متعدد مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے۔ برازیلی کارکن تھییاگو ایویلا نے بتایا کہ ڈرونز مسلسل فضا میں منڈلا رہے ہیں اور فلیٹ کے قریب دسویں دھماکے کی آواز بھی ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
ایویلا نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ حملہ آور چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، سیلز اور مدد کی کوششوں کو معطل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور ایسے آلات استعمال کیے جا رہے ہیں جو انسانوں کو زخمی اور کشتیوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ان کے بقول کمیونیکیشن سسٹم کو جام کیا جا رہا ہے جس سے فلوٹیلا کے شرکاء امدادی کالز یا رابطے کرنے سے محروم ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کشتیوں پر ساؤنڈ بم، دھماکہ خیز فلیئرز پھینکے گئے اور مبینہ طور پر کچھ مقامات پر مشتبہ کیمیکل کا اسپرے بھی کیا گیا، جبکہ ریڈیو اور دیگر مواصلاتی ذرائع متاثر ہونے کی وجہ سے فلوٹیلا کو فوری امداد یا بیرونی رہنمائی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے مقبوضہ فلسطینی علاقے فرانچسکا البانیزے نے بھی اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ فلوٹیلا پر متعدد بار حملے کیے گئے ہیں اور فوری بین الاقوامی توجہ و تحفظ ضروری ہے۔
فلوٹیلا کے منتظمین اور شرکاء نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور فلیٹ اور اس کے انسانی مشن کو محفوظ بنایا جائے، کیونکہ ان کے بقول یہ سفر صرف اور صرف غزہ کے شہریوں تک امداد پہنچانے اور محاصرہ توڑنے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔