الحمدللہ حسب وعدہ پوری پنجاب پولیس آدھی کانسٹیبلری کی ہیلتھ سکریننگ ہوچکی ، آئی جی پنجاب

0

ہیپاٹائٹس سی کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی دوا اگرچہ مہنگی ہے،تاہم حکومت پنجاب اس کی فراہمی کا انتظام کر رہی ہے
باقی ماندہ نفری،متاثرہ ملازمین کے اہل خانہ کو اس بیماری سے بچانے کیلئے فورس کی ویکسینیشن کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،عثمان انور
لاہور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ اور طبی سہولیات کی فراہمی بارے پولیس فورس کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپا ہ کی ہیلتھ ویلفیئر اورضروری ٹیسٹوں بشمول دل، گردے سمیت دیگر اہم اعضا ء کی بیماریوں کے علاج کیلئے 30 سے 40 کروڑ خرچ کیا جائے گا۔ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ 15مئی تک الحمدللہ حسب وعدہ پنجاب پولیس کی آدھی کانسٹیبلری کی ہیلتھ سکریننگ ہوچکی ہے جبکہ کچھ اضلاع میں 100 فیصد سکریننگ کروالی گئی ہے ۔ انہوں نے کانسٹیبلری کی ہیلتھ سکریننگ مکمل کروانے والے اضلاع کے ڈی پی اوز کو شاباش دی ہے،آئی جی پنجاب نے کہاکہ زیادہ نفری والے اضلاع میں مرحلہ وار ہیلتھ سکریننگ جاری ہے جو جلد مکمل ہوجائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہیلتھ سکریننگ کے دوران ملازمین کولاحق ہیپا ٹائٹس بی اور سی سمیت بعض ایسی بیماریوں کا علم ہوا ہے جو قبل ازیں انکے علم میں بھی نہ تھیں یہ خطرناک بیماریاں وقت گذرنے کے ساتھ جگر کو تباہ کردیتی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہیپاٹائٹس سی کا علاج دریافت ہوچکا،بیماری میں مبتلا تمام ملازمین کو محکمہ کی جانب سے مفت علاج فراہم کیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ ہیپاٹائٹس سی کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی دوا اگرچہ مہنگی ہے تاہم پولیس ملازمین کو فراہمی کیلئے حکومت پنجاب اس کا انتظام کر رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہیپا ٹائٹس بی کا مستقل علاج ابھی دریافت نہیں ہوا تاہم معاون علاج موجود ہے جس سے متاثرہ ملازمین مستفید ہونگے۔ ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ باقی ماندہ نفری،متاثرہ ملازمین کے اہل خانہ کو اس بیماری سے بچانے کیلئے فورس کی ویکسینیشن کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اوراس ویکیسین کے تمام اخراجات محکمہ خود اٹھائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ یہ ویکیسین مکمل طور پر محفوظ ہے اور سب سے پہلے میں خود آپ کے سامنے یہ ویکسین لگواؤں گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ آئندہ یہ تمام بیماریاں کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچائیں گی اورپولیس فورس بہتر صحت مندانہ زندگی گذارے گی۔ فورس کے نام پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ جو ملازمین بیمار ہیں وہ دوائیوں کیلئے جبکہ باقی تمام صحت مند ملازمین ویکسینیشن کیلئے تیار ہوجائیں۔ ان تمام اقدامات کا مقصد پولیس ملازمین کی صحت، تندرستی، علاج معالجے کا خیال رکھنا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس فورس یک جان ہو کر ظالموں، دہشت گردوں سمیت تمام مجرموں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی جان ومال اور عزت کا تحفظ پولیس فورس کا بنیادی فرض ہے ، انشااللہ پولیس ملازمین کا بروقت علاج ہوگا اور وہ صحت مند زندگی گذارتے ہوئے فرائض اداکریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.