کترینہ کیف کی نئی فلم ’میری کرسمس‘ کی ریلیز سے کرن جوہر ناخوش
ممبئی: بالی وڈ سپراسٹار کترینہ کیف اور وجے سیتھوپتی کی فلم ’میری کرسمس‘ کی ریلیز رواں برس 15 دسمبر کو ہوگی لیکن بھارتی فلمساز کرن جوہر فلم کی ریلیز کی تاریخ سے خوش نہیں ہیں۔
سدھارتھ ملہوترا کی ایکشن تھرلر فلم ’یودھا‘ کی ریلیز بھی رواں برس 15 دسمبر کو ہوگی اور اس کے پروڈیوسر کرن جوہر ہیں۔
انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں کرن جوہر نے لکھا کہ اسٹوڈیوز اور پروڈیوسر کو تھوڑی تہذیب دکھاتے ہوئے ریلیز کے اعلان سے قبل انہیں فون کرنا چاہئے تھا تاکہ فلموں کی ریلیز میں تصادم نہ ہو۔
انہوں نے لکھا کہ اگر ہندی سینما کے مشکل وقت میں ہم ساتھ کھڑے نہ ہوں تو پھر ہم شوبز والوں کو ایک خاندان سمجھنا فضول بات ہے۔
کرن جوہر نے رواں ماہ ہی ’یودھا‘ کی ریلیز کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا تھا، فلم میں دیشا پاٹانی اور راشی کھنہ بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ’میری کرسمس‘ کو ہندی اور تامل دو زبانوں میں شوٹ کیا گیا ہے اور دونوں کی کاسٹ میں بھی فرق ہے۔