پی ٹی آئی آج اولپنڈی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی
انتظامیہ کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کردیا جس کے بعد اب سکستھ روڈ فلائی اوور پر سٹیج بنایا گیا جبکہ پنڈال چاندنی چوک تک لگایا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 26 نکات پر جلسے کی اجازت دے دی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کو رات بارہ بجے سے پہلے جلسہ گاہ کو خالی کرنا ہوگا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان لاہور سے بذریعہ ہیلی کاپٹر پہنچیں گے، بارانی یونیورسٹی میں لینڈنگ کی اجازت مل گئی ہے، سابق وزیراعظم عمران خان دوپہر 2 بجے لاہور کے زمان پارک سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو تھریٹ الرٹ کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے، جس کے تحت پنڈال اور جلسہ گاہ کے اطراف میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
جلسے کی حفاظت کے لیے 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ بلند مقامات پر اسنائپرز بھی موجود ہوں گے۔
پی ٹی آئی قائدین نے واضح کیا ہے کہ عمران خان اور پنڈی مارچ کی سکیورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے اگر کچھ ہوا تو اس حکومت اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذمہ دار سمجھا جائے گا۔
تھریٹ الرٹ کے پیش نظر پی ٹی آئی نے بھی سکیورٹی پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت کارکنان کو مرکزی کنٹرینر سے 20 فٹ دور رکھا جائے گا۔