پرنٹ میڈیا اخلاقیات، غیر جانب داری اور ذمہ داری کے اعلی معیار قائم رکھے، صدر مملکت
اسلام آباد (جی این ایم )صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پرنٹ میڈیا اخلاقیات، غیر جانب داری اور ذمہ داری کے اعلی معیار قائم رکھے۔صدر آصف علی زرداری نے قومی یومِ مطالعہ اخبارات پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اخبارات قومی شعور کی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،
باشعور شہری ہی جمہوریت کی اصل بنیاد ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اخبارا ت نے ہمیشہ عوام کو باخبر رکھا اور ناانصافیوں کو بے نقاب کیا،سوشل میڈیا کے دور میں ذمہ دارانہ صحافت کی اقدار مزید قیمتی ہو گئی ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ اخبارات محض خبر نہیں، گہرائی اور تناظر بھی فراہم کرتے ہیں، دنیا بھر کے بہترین اخبارات نے چیلنجز کے باوجود ترقی کی، ہمارے اخبارات بھی عوام کے اعتماد اور وفاداری پر ترقی کر سکتے ہیں،
نوجوان نسل کو اخبارات پڑھنے کی عادت اپنانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے طلبہ میں اخبارات کے مطالعے کو فروغ دیں، پرنٹ میڈیا اخلاقیات، غیر جانب داری اور ذمہ داری کے اعلی معیار قائم رکھے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ صحافتی آزادی جمہوریت کے لیے ناگزیر ہے لیکن اسے توازن اور انصاف کے ساتھ بروئے کار لانا چاہیے، اخبارات کا بڑھتا ہوا مطالعہ ایک زیادہ باشعور اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔