غزہ جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر ڈرون حملہ، سابق سینیٹر مشتاق احمد کی ویڈیو نے ہلچل مچا دی
یونان (ویب ڈیسک)غزہ کے محاصرے کو توڑنے کے لیے روانہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر ڈرون حملے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ فلوٹیلا میں شریک پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل نے رات کے وقت دس ڈرونز کے ذریعے بارودی مواد اور آگ کے گولے برسائے۔
مشتاق احمد کے مطابق حملے میں ایسا خطرناک کیمیکل بھی پھینکا گیا جس سے انسانی صحت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ فلوٹیلا کے شرکا کے حوصلے بلند ہیں اور وہ غزہ پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں۔
درجنوں کشتیوں پر مشتمل یہ فلوٹیلا اس وقت یونان کے ساحل کے قریب بین الاقوامی آبی راستے سے گزر رہا ہے۔ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی دراصل خوف و ہراس پھیلانے اور فلوٹیلا کو غزہ پہنچنے سے روکنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے عالمی برادری اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی حملوں کا فوری نوٹس لیں اور اس معاملے کو اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی فورمز پر اٹھائیں۔
سابق سینیٹر نے کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کا مقصد صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ کے عوام تک امداد پہنچانا اور اسرائیلی محاصرہ ختم کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرے، کیونکہ ایک چھوٹی سی ریاست اپنی بدمعاشی سے عالمی امن کو یرغمال بنا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مشتاق احمد نے کشتی پر ہونے والے ڈرون حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی جاری کی ہے۔