وڈھ کی صورتحال کیخلاف 14 جولائی کے شٹر ڈاﺅن کی تمام طبقات نے حمایت کردی، بی این پی

0

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے جاری مرکزی بیان میں کہا گیا کہ پارٹی کے مرکزی کال پر بلوچستان بھرمیں آج بروز جمعہ 14 جولائی 2023ءمکمل شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی جائے گی۔ انجمن تاجران کے تمام گروپس نے آج کی شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی مکمل حمایت کر نے کا اعلان کر رکھا ہے، آج کی شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی بنیادی وجہ بلوچستان کی مخدوش امن وامان کی صورتحال، بھتہ گیری، اغواءبرائے تاوان، مسلح جتھوں اور ڈیتھ اسکواڈ کی سرپرستی، لاپتہ افراد کی عدم بازیابی، سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں، خوف و ہراس پھیلانے، قو می لیڈر سردار اختر جان مینگل کیخلاف جاری سازشیں، قوم وطن دوست پارٹیوں کو دیوار سے لگانے، انکی سیاسی سرگرمیوں میں مداخلت اور کمزور کرنے اور دیگر عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف آواز بلند کرنا ہے، آج بلوچستان کے عوام جن گمبھیر سیاسی سماجی معاشی معاشرتی مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، اس کی ذمہ داری بھی وہ قوتیں ہیں جنہوں نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بلوچستان کے پرامن حالات کو خراب کیا ہے اور آج ایک مرتبہ پھر وڈھ میں کشیدہ صورتحال جو گزشتہ ایک ماہ سے جاری ہے، وہاں کے حالات کو جواز بنا کر بلوچستان کی ہر دلعزیز قومی جماعت بی این پی اور ان کے مقبول لیڈر سردار اختر جان مینگل کو بند گلی کی طرف دھکیلنے اور سیاسی سرگرمیوں پر قدغن لگانے، حقوق کے خاطر سیاسی جمہوری جدوجہد پر قدغن لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، عوام کو یہ تمام فیصلے کسی بھی صوررت میں قبول نہیں ہے پارٹی کے زیر اہتمام بلوچستان کے عوام نے جس انداز میں نیشنل ہائی ویز پر پہیہ جام ہڑتا ل کو کامیاب بنایا اور تاریخی احتجاجی ریلیوں اور مظاہرہوں میں ہزاروں کی تعداد میں شرکت کر کے اپنا فیصلہ بی این پی کے حق میں دیا جو کہ ہمارے پارٹی کے اصولی نظریا تی موقف اور بیانیے پر عوام کی تائید و حمایت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ تاجربرادری دکانداران آج اپنے کاروباربند کر کے بلو چستان کے مجموعی امن وامان کی صورتحال پر اپنا جمہوری حصہ ڈالیں ۔علاوہ ازیں جمعرات کو بلو چستان بھر میں پارٹی کے مرکزی ،ضلعی اور علا قائی رہنماﺅں نے شٹر ڈاﺅن ہڑتا ل کو کامیاب بنا نے کے لئے مختلف علاقوں میں پمفلیٹ تقسیم کئے اور تاجر برادری و دکانداران کے ساتھ مختلف علاقوں میں میٹنگز اور ملاقاتیں کر کے شٹر ڈاﺅن ہڑتال کو کامیاب بنا نے کے لئے حکمت عملی طے کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.