کوہاٹ پولیس لائن مسجد میں دھماکہ 20 سے زائد نمازی شہید درجنوں زخمی

0

کوہاٹ پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکا20 افراد شہید، 50 سے زائد زخمی

کوہاٹ(کوژک نیوز ) خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب واقع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد شہید جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا نمازِ جمعہ کے دورانپرانی پولیس لائن کے قریب واقع مسجد میں ہوا، جس کے بعد علاقے میں شدید افراتفری پھیل گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں مسجد کے بیرونی حصے کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک دیوار بھی منہدم ہوگئی۔ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دھماکے کو خودکش حملہ قرار دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے سے قبل بارودی مواد سے بھری گاڑی پولیس لائن کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زوردار دھماکا ہوا۔ واقعے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دھماکے کے بعد کوہاٹ ہنگو روڈ کو ٹریفک کے لیے بندپ کردیا گیا جبکہ پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری علاقے میں تعینات کردی گئی۔ جائے وقوعہ پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ملبے سے مزید افراد کو نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے دھماکے کے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے فوری طور پر حملے کی ذمہ داری کسی گروہ پر عائد نہیں کی۔واضح رہے کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد ابتدائی اطلاعات پر مبنی ہے اور امدادی کارروائیوں کے دوران اس میں اضافہ یا تبدیلی ہوسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.