چمن پسنجر ٹرین کو فوری بحال کیا جائے. مظلوم عوامی تحریک پاکستان
چمن پسنجر ٹرین کی طویل بندش قابلِ مذمت،اسلم اچکزئی چمن(کوژک نیوز ) مظلوم عوامی تحریک پاکستان کے صوبائی صدر اسلم اچکزئی نے کوئٹہ تا چمن پسنجر ٹرین کی طویل بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرین سروس کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چمن پسنجر ٹرین چمن اور گردونواح کے غریب، متوسط اور عام عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے مزدوروں، طلبہ، مریضوں، سرکاری ملازمین اور دیگر شہریوں کے لیے یہ سفری سہولت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ ٹرین کی بندش سے عوام کو مہنگے سفری ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی سے پریشان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔اسلم اچکزئی نے کہا کہ کوئٹہ تا چمن ریلوے روٹ صوبے کے ایک اہم اور نسبتاً پُرامن روٹس میں شمار ہوتا ہے، اس کے باوجود پسنجر ٹرین کی طویل بندش سمجھ سے بالاتر اور ناقابلِ برداشت ہے۔ حکومت اور متعلقہ ریلوے حکام کو چاہیے کہ عوامی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹرین سروس کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ مظلوم عوامی تحریک پاکستان عوامی بنیادی سہولیات اور حقوق کے حصول کے لیے آئینی اور پُرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ اگر چمن پسنجر ٹرین کو فوری بحال نہ کیا گیا تو عوامی مفاد کے لیے پُرامن احتجاج کا راستہ اختیار کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
مظلوم عوامی تحریک پاکستان کا مطالبہ ہے کہ کوئٹہ تا چمن پسنجر ٹرین سروس بلا تاخیر بحالل کرکے چمن کے عوام کو سستی، محفوظ اور باعزت سفری سہولت فراہم کی جائے۔