قلعہ عبداللہ: پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ، کوئی جانی نقصان نہیں
قلعہ عبداللہ: پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ، کوئی جانی نقصان نہیں
قلعہ عبداللہ(کوژک نیوز) ضلعی ہیڈکوارٹر جنگل پیرعلی زئی کے بازار میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ دھماکے کے نتیجے میں پولیس چیک پوسٹ کو نقصان پہنچا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گنجان آباد جنگل پیرعلی زئی بازار میں واقع پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ حملہ آور دستی بم پھینکنے کے بعد فرار ہوگئے۔ دھماکے کی آواز سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر متعلقہ سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پولیس چیک پوسٹ کوئٹہ–چمن شاہراہ پر واقع انتہائی گنجان آباد علاقے میں موجود ہے، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں شہری اور مسافر آمدورفت کرتے ہیں۔ گنجان آباد علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے واقعے نے شہریوں کے تحفظ اور علاقے کی سیکیورٹی سے متعلق سوالات کو مزید اہم بنا دیا ہے۔
گزشتہ روز بھی قلعہ عبداللہ میں قیدیوں کو چھڑانے کا واقعہیاد رہے کہ گزشتہ روز بھی قلعہ عبداللہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے پولیس کی قیدی وین کو روک کر قیدیوں کو چھڑا لیا تھا اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ مسلسل دو روز میں پیش آنے والے دونوں واقعات کے باعث علاقے میں سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ–چمن شاہراہ پر واقع اہم اور گنجان آباد علاقوں میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں اور مسافروں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔پولیس حکام کی جانب سے چیک پوسٹ پر دستی بم حملے اور گزشتہ روز قیدیوں کو چھڑانے کے واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حملہ آوروں اور قیدیوں کو چھڑانے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔