چمن میں بدامنی اور لاقانونیت میں خطرناک حد تک اضافہ، شہری پولیس ناکوں پر پریشان

0

چمن میں بدامنی اور لاقانونیت میں خطرناک حد تک اضافہ، شہری پولیس ناکوں پر پریشان

چمن(کوژک نیوز)شہر میں بدامنی اور لاقانونیت کے بڑھتے واقعات کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کے بجائے عام اور شریف شہریوں کو پولیس ناکوں پر بلاجواز روک کر تنگ کیا جا رہا ہے۔شہریوں کے مطابق کوئٹہ، چمن شاہراہ پر قائم پولیس ناکوں پر گاڑیوں اور مسافروں کی طویل چیکنگ کے دوران شریف النفس شہریوں کو غیرضروری طور پر روکنے اور مختلف سوالات کے ذریعے پریشان کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ چمن میں چوری، ڈکیتی، منشیات فروشی اور دیگر جرائم کی شکایات میں اضافہ تشویشناک ہے، ایسے میں پولیس کی توجہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی پر مرکوز ہونی چاہیے۔شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ، چمن شاہراہ پر پولیس ناکوں کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے، عام شہریوں کو بلاجواز تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ امن و امان کا قیام صرف ناکے لگانے سے نہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی سے ہی ممکن ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.