چمن میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
چمن میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
چمن(کوژک نیوز) چمن شہر میں بجلی کی طویل اور نہ ختم ہونے والی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گئے ہیں۔ گھنٹوں بجلی کی بندش سے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں زیرِ علاج مریض، تعلیمی اداروں میں طلبہ، بچے، خواتین اور تاجر برادری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ شدید گرمی میں گھریلو صارفین بھی سخت اذیت کا شکار ہیں۔ ہسپتالوں میں علاج معالجے اور تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیوں پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال سے مکمل آگاہ ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے تاحال کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔اہلیانِ چمن نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چمن میں جاری طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔