چمن میں برف کا قہر نظام زندگی مفلوج. شاہراہ کے حوالے سے این ایچ اے کے دعوے
چمن میں برف و بارش کا قہر، زندگی مفلوج
چمن اور گردونواح میں برفباری اور بارش کے تیسرے سپیل نے معمولاتِ زندگی مکمل طور پر منجمد کر دیے ہیں۔ درہ کوژک، خواجہ عمران اور توبہ اچکزئی میں ریکارڈ برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔
درہ کوژک کے مقام پر قومی شاہراہ گزشتہ روز سے مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ شدید برفباری کے باعث توبہ اچکزئی کے زمینی راستے گزشتہ تین روز سے دیگر علاقوں سے منقطع ہیں، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔چمن، قلعہ عبداللہ اور گلستان میں گزشتہ چار روز سے جاری موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ مسلسل بارشوں کے نتیجے میں چمن شہر میں متعدد گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔دوسری جانب گزشتہ چار روز سے واپڈا کی جانب سے طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شدید سردی، بند راستے اور بجلی کی عدم فراہمی نے عوام کو کٹھن آزمائش میں ڈال دیا ہے۔علاقے کے مکینوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی بحالی، بجلی کی فراہمی اور امدادی اقدامات فوری طور پر یقینی بنائے جائ
یں۔