حکومت اور عالمی بینک کا 2026-2035 فریم ورک کے تحت قریبی شراکت داری پر اتفاق

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا کی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے، پائیدار ترقی اور عالمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کورونا وبا اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کے لیے ورلڈ بینک کی دیرینہ حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اجے بنگا کی قیادت میں ورلڈ بینک کو زیادہ مؤثر اور تیز رفتار ترقیاتی شراکت دار میں ڈھالنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ورلڈ بینک کو حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا جس میں وسائل کو متحرک کرنے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات سے پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام بحال ہوا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا اور پائیدار ترقی کے راستے ہموار ہوئے۔

وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026-2035) کی بھی تعریف کی، جس کے تحت پاکستان کے لیے 40 ارب ڈالر کا تاریخی عہد کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس کے موثر نفاذ کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر ورلڈ بینک نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک طویل مدتی تعاون جاری رکھے گا اور سی پی ایف کے تحت موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لیے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.