دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا
کوئٹہ(یو این اے)صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقے کچلاک کلی لنڈی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ملزم نے جرم کے بعد لاش کو خاموشی سے دفنانے کی کوشش کی تاہم بروقت اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو بوستان قبرستان سے گرفتار کر لیا پولیس کے مطابق، مقتولہ کی شناخت (نام مخفی)کے نام سے ہوئی ہے
جو اپنے شوہر کی دوسری شادی کی مخالفت کر رہی تھی۔ اہل علاقہ کے مطابق، دونوں میاں بیوی کے درمیان کافی عرصے سے تنازعات چل رہے تھے اور کئی بار بات شدید تلخیوں تک جا پہنچی تھی۔ واقعے کے روز بھی دونوں میں تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد شوہر نے پستول سے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کر دیاپولیس کے مطابق ملزم قتل کے بعد لاش کو کچلاک سے منتقل کر کے خاموشی سے بوستان قبرستان لے گیا تاکہ کسی کو شک نہ ہو اور تدفین کر دی جائے، تاہم اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کر کے لاش قبضے میں لے لی ایس ایچ او کچلاک کے مطابق، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، اور کیس کو میرٹ پر حل کیا جائے گا علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ اس طرح کے گھریلو تشدد اور غیر انسانی مظالم کا سدباب ہو سکے پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کے کیسز میں زیرو ٹالرینس کی پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔