کراچی میں سپرہائی وے کے قریب 3 خواجہ سراؤں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا

0

کراچی (ویب ڈیسک)سپرہائی وے پر ناگوری کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب 3 خواجہ سراؤں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ واقعہ قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقتولین کے ساتھی محمد ظفر کی مدعیت میں میمن گوٹھ تھانے میں رپورٹ ہوا۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولین 20 ستمبر کی شام گھر سے یہ کہہ کر نکلے تھے کہ وہ سپرہائی وے کی طرف جا رہے ہیں، تاہم رات گئے واپس نہ آنے پر ان سے رابطے کی کوشش کی گئی جو کامیاب نہ ہوئی۔ اگلی دوپہر واٹس ایپ گروپ کے ذریعے تینوں کی لاشیں ملنے کی اطلاع ملی، جو سپرہائی وے کے قریب جنگل میں پڑی تھیں۔ تینوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولین میں محمد جیئل، الیکس ریاست اور 25 سالہ محمد یونس ولد محمد صالح شامل ہیں، جن میں سے ایک کا تعلق خیرپور سے تھا۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد میں نائن ایم ایم پستول کے خول بھی شامل ہیں، جنہیں فارنزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔ مقتولین کے موبائل فونز کا سی ڈی آر حاصل کرلیا گیا ہے اور جیو فینسنگ کے ذریعے مزید شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب سول اسپتال میں تینوں خواجہ سراؤں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سمعیہ طارق کے مطابق تینوں خواجہ سرا بائیولوجیکل طور پر مرد تھے اور انہیں متعدد گولیاں ماری گئیں، جس کے نتیجے میں زیادہ خون بہنے سے ان کی موت ہوئی۔ لاشوں سے سیمپل بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تہرے قتل کے اس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد کیس کے حقائق منظرِ عام پر لائے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.