دعا ملک کا بڑا انکشاف: شوبز میں ہراسانی اور کاسٹنگ کاؤچ کا سامنا
دعا ملک نے انڈسٹری میں ہراسانی کا انکشاف کردیا، معروف شخصیت ملوث
اسلام آباد(ویب ڈیسک)اداکارہ اور میزبان دعا ملک نے پہلی مرتبہ انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے دوران انہیں کاسٹنگ کاؤچ جیسے تلخ تجربے کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور اس واقعے میں پاکستان کی ایک نہایت معروف شخصیت ملوث تھی۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران دعا ملک نے شوبز انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں اور اپنی ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے بچے اس انڈسٹری کا حصہ بنیں، اسی لیے وہ اپنے اہلخانہ کو امریکا لے آئیں تاکہ انہیں اس ماحول سے دور رکھا جا سکے۔
ابتدائی طور پر دعا ملک نے کہا کہ انہیں کبھی ایسا تجربہ نہیں ہوا کیونکہ وہ اور ان کی بہن حمائمہ ملک ہمیشہ ڈٹ کر “نہ” کہتی رہی ہیں۔ تاہم بعد میں انہوں نے انکشاف کیا کہ صرف ایک بار انہیں کاسٹنگ کاؤچ جیسے مسئلے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں ان کے کیریئر کو شدید نقصان پہنچا۔
دعا ملک نے واقعے کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ملوث شخصیت پاکستان کی ایک بڑی ہستی ہیں، اس لیے وہ اس معاملے کو عوامی سطح پر ظاہر نہیں کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ وہ امریکا میں مقیم ہیں لیکن ان کا خاندان پاکستان میں رہتا ہے، اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے بیان کی وجہ سے ان کے اہلخانہ کو نقصان پہنچے۔