غزہ پر اسرائیلی بمباری: مسجد، اسپتال اور رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر، 83 فلسطینی شہید

0

غزہ (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ میں سفاکانہ بمباری جاری رکھتے ہوئے ایک اور خونی دن رقم کردیا۔ فضائی حملوں میں ایک مسجد اور کئی رہائشی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، جبکہ اسپتالوں کے اطراف حملوں میں درجنوں بے گناہ جانوں کا ضیاع ہوا۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کے قریب حملہ کیا جس کے نتیجے میں 19 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسی طرح ال اہلی اسپتال کے قریب فضائی بمباری میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ مجموعی طور پر ایک ہی دن میں 83 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

گزشتہ روز کے حملوں میں تباہ ہونے والی مسجد اور رہائشی عمارتوں کے ملبے تلے کئی افراد اب بھی دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

دوسری جانب چین اور سعودی عرب نے اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ، کینیڈا، فرانس اور آئرلینڈ نے بھی اسرائیلی حملوں کو ناقابلِ برداشت قرار دیا اور فریقین پر زور دیا ہے کہ فوری طور پر جنگ بندی اور مذاکرات کی راہ اپنائی جائے۔

ادھر یورپی کمیشن میں اسرائیل پر ممکنہ پابندیوں کی تجاویز پیش کی گئیں، تاہم یورپی یونین کے چند ممالک کی مخالفت کے باعث ان تجاویز کی منظوری کے امکانات کم نظر آتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.