پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مل کر حرمین شریفین کے دفاع میں شریک ہوگا،وزیراعظم

0

اسلام آباد/ریاض (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر مملکت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے جہاں سعودی فضائیہ کے F-15 لڑاکا طیاروں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

کنگ خالد ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبد الرحمن بن عبدالعزیز، سعودی و پاکستانی سفراء اور اعلیٰ حکام نے وزیراعظم اور وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ سعودی فوج کے دستوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ ریاض کی شاہراہوں پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے اور وزیراعظم کا سعودی شاہی پروٹوکول کے ساتھ والہانہ استقبال کیا گیا۔

بعدازاں وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے قصر یمامہ پہنچے جہاں گھڑسوار دستے نے روایتی استقبال کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

دفاعی معاہدہ طے

دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں پاکستان اور سعودی عرب نے “اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق:

  • کسی بھی ایک ملک پر جارحیت دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگی۔

  • پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مل کر حرمین شریفین کے دفاع میں شریک ہوگا۔

  • دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مربوط اور مزید مضبوط کیا جائے گا۔

  • معاہدہ امن کے فروغ اور علاقائی و عالمی سلامتی کے استحکام کا عکاس ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے یہ برادرانہ محبت اور احترام کا مظاہرہ ہے جو شہباز شریف کی سفارتی مہارت اور پاکستانی افواج کی کامیابیوں کا ثمر ہے۔

مشترکہ اعلامیہ

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آٹھ دہائیوں پر محیط تعلقات برادرانہ بھائی چارے اور اسلامی یکجہتی کی بنیاد پر استوار ہیں۔ اسٹریٹجک معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا اور خطے میں امن و استحکام کا ضامن ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ولی عہد نے بھی پاکستانی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.