معیشت – پالیسی ریٹ کی جمود سے پاکستان کی اقتصادی بحالی کو خطرہ: این کے اے ٹی آئی کی وارننگ

0

کراچی(ویب ڈیسک)  سٹیٹ بینک آف پاکستان کے پالیسی سود کی شرح کو 11 فیصد پر برقرار رکھنے کے فیصلے پر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (این کے اے ٹی آئی) کے صدر فیصل معیز خان نے سخت تنقید کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے ملک کی اقتصادی بحالی متاثر ہو سکتی ہے۔ فیصل معیز خان نے خبردار کیا کہ موجودہ شرح کو برقرار رکھنے سے کاروباری ماحول متاثر ہوگا، سرمایہ کاری میں کمی آئے گی، اور حکومت اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے کی جانے والی استحکام کی کوششوں کو خطرہ لاحق ہوگا۔
فیصل معیز خان نے پاکستان کی مالی استحکام میں کاروباری شعبے کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ برآمد کنندگان قیمتی زرمبادلہ کماتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے سے ناگزیر طور پر برآمدات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کاروبار دوست مالیاتی پالیسی کی وکالت کی، خاص طور پر سود کی شرح کو سنگل ہندسوں تک کم کرنے پر زور دیا۔ ان کا ماننا ہے کہ اس سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مہنگائی پر قابو پایا جا سکے گا۔
این کے اے ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ کاروباری برادری مسلسل سٹیٹ بینک سے اپیل کرتی رہی ہے کہ وہ سود کی شرح کو سنگل ہندسوں تک کم کرے تاکہ مالی پالیسیوں کو ملک کی اقتصادی ضروریات کے مطابق بنایا جا سکے اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے سٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور ایک ایسی پالیسی تشکیل دے جو کاروباری شعبے کو مالی اخراجات کم کرکے اور اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرکے مضبوط بنائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.