پنجاب کی فکر چھوڑیں، سندھ کا حال دیکھیں،مریم نواز
ڈی جی خان(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب کے سیلاب پر سیاست کی، سندھ میں کیا ہورہا ہے میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتی، لیکن مشورہ یہی ہے کہ سندھ حکومت اپنے صوبے کو دیکھے اور پنجاب کے معاملات میں دخل نہ دے۔
ڈی جی خان میں الیکٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ’’میں نواز شریف کی بیٹی ہوں، کسی کے آگے امداد کے لیے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گی۔ پنجاب کے عوام کا پیسہ پنجاب کے عوام پر خرچ ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ان کے لیے چھوٹے بھائی کی حیثیت رکھتے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کو چاہیے کہ پنجاب پر تنقید کے بجائے اپنے صوبے کی صورتحال بہتر بنائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی بات کرنے والے ماضی میں اقتدار میں رہے مگر عملی طور پر کچھ نہ کر سکے۔ ’’جنوبی پنجاب میرے لیے اپنے بیٹے جنید کی طرح ہے، میں پورے پنجاب کی وزیراعلیٰ ہوں، کسی کو بھی صوبے کے عوام کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دوں گی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بی آئی ایس پی پروگرام کے مقابلے میں پنجاب حکومت متاثرین کو زیادہ بہتر سہولتیں دینا چاہتی ہے۔ ’’دس ہزار روپے سے کسی کا لاکھوں کا نقصان پورا نہیں ہوسکتا، ہم دس لاکھ روپے تک کی امداد دینا چاہتے ہیں۔‘‘
مریم نواز نے مزید کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے لیے 101 ماحول دوست بسیں چلائی جائیں گی جن میں خواتین، طلبہ اور بزرگ شہریوں کے لیے مفت سفر ہوگا جبکہ معذور افراد کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے بارڈر ملٹری پولیس میں خواتین کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام شہروں کو یکساں ترقی کے مواقع دیے جائیں گے۔