کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں، پاک سعودی دفاعی معاہدہ خطے میں امن کا ضامن ہیں،دفتر خارجہ

شفقت علی خان: معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگ میل ہوگا

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا حالیہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان نے بتایا کہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سلامتی کو یقینی بناتا ہے اور اس کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا کی دعوت پر 17 ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور سرکاری سطح پر مذاکرات کے بعد اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے۔

ترجمان کے مطابق 1960 کی دہائی سے دفاعی تعاون پاکستان سعودی تعلقات کا بنیادی ستون رہا ہے، اور حالیہ معاہدہ اس دیرینہ شراکت داری کو باضابطہ شکل دیتا ہے۔

مزید برآں، ترجمان نے بتایا کہ دوحا میں ہونے والے ہنگامی اسلامی سربراہی اجلاس میں اسرائیلی جارحیت پر تفصیلی غور کیا گیا اور مشترکہ اعلامیہ کے ذریعے اسرائیلی حملوں کو غیر قانونی اور بلااشتعال قرار دیا گیا۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے اجلاس میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے قطر کے ثالثی کردار کو سراہا اور معاملے کو جنیوا میں انسانی حقوق کونسل میں بھی اٹھایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.