چمن گھر میں سیلنڈر دھماکہ 7 جاں بحق 15 زخمی
چمن میں گیس سلنڈر دھماکہ، 7 بچے جاں بحق، متعدد خواتین و بچے زخمی
چمن (کوژک نیوز ) ضلع چمن کے علاقے تورپل کے قریب ایک رہائشی گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں افسوسناک سانحہ پیش آیا ہے، جس کے باعث 7 کمسن بچے جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق بچے محلے کے ایک گھر میں لسی لینے کی غرض سے جمع تھے کہ اسی دوران کچن میں رکھا گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ گھر کا ایک کمرہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا اور بچے ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں 4 خواتین اور 6 سے زائد بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کی مدد سے ملبہ ہٹا کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے ریفر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جاں بحق بچوں کی میتیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہوگئی۔ مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ممکنہ طور پر گیس لیکیج کے باعث پیش آیا۔
شہری حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گھریلو گیس سلنڈرز کی جانچ پڑتال اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔