بینکاک میں مصروف شاہراہ اچانک بیٹھ گئی، 160 فٹ گہرا گڑھا بننے سے تین گاڑیاں دھنس گئیں

0

بینکاک(ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کی ایک مصروف شاہراہ اچانک دھنسنے سے 160 فٹ گہرا اور 98 فٹ چوڑا گڑھا بن گیا، جس میں تین گاڑیاں جا گریں۔ سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح زمین دھنسنے کے بعد گاڑیاں الٹی سمت دوڑنے لگیں۔

تفصیلات کے مطابق حادثہ 24 ستمبر کی صبح سام سین روڈ پر پیش آیا، جو واجیرا اسپتال اور مقامی پولیس اسٹیشن کے قریب واقع ہے۔ رائل تھائی پولیس کے مطابق تقریباً 7 بجے زمین اچانک 30 بائے 30 میٹر رقبے پر بیٹھ گئی جس کی گہرائی 50 میٹر تک جاپہنچی۔ اس دوران دو بجلی کے کھمبے اور پولیس اسٹیشن کی ایک کار بھی گڑھے میں جاگری۔

مقامی میڈیا نے بتایا کہ اس حادثے سے قریبی سام سین میٹروپولیٹن پولیس اسٹیشن کو بھی نقصان پہنچا، جب کہ ایک ٹو ٹرک سمیت تین گاڑیاں گڑھے میں دھنس گئیں۔ واقعے کے بعد واجیرا اسپتال اور قریبی رہائشی مکانات کو خالی کرایا گیا۔

بینکاک کے گورنر چڈچارٹ ستیپنٹ نے کہا کہ گڑھے کی بنیادی وجہ زیرِ زمین میٹرو اسٹیشن کی تعمیراتی سرگرمیاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسلسل بارش اور خراب موسم کے باوجود خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

نیشنل پولیس کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ فوری طور پر مرمتی کام شروع کریں، بڑی پائپ لائنوں کی مرمت کی جائے اور متاثرہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.