جی ایچ کیو حملہ کیس؛ ویڈیو لنک ٹرائل ہائی کورٹ میں چیلنج، کل سماعت کا امکان

0

راولپنڈی (نامہ نگار خصوصی)جی ایچ کیو حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ویڈیو لنک ٹرائل کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کو ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں باضابطہ طور پر چیلنج کر دیا گیا ہے۔ یہ آئینی درخواست سلمان اکرم راجا اور فیصل محمود ملک ایڈووکیٹس نے دائر کی جسے ڈائری نمبر الاٹ ہو گیا ہے۔ درخواست کی سماعت کل بروز جمعرات 25 ستمبر کو متوقع ہے۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا ہے کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 10 اے کے تحت ہر شہری کو شفاف اور منصفانہ ٹرائل کا حق حاصل ہے، مگر عمران خان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں اس اصول کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کا ویڈیو لنک ٹرائل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے اور عمران خان کو اڈیالہ جیل سے براہِ راست عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

پٹیشن میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ عدالت فی الحال ویڈیو لنک کے بجائے واٹس ایپ کال کے ذریعے کارروائی کر رہی ہے، جو آئینی اور قانونی تقاضوں کے منافی ہے۔ وکلاء کے مطابق فیئر ٹرائل کے لیے ملزم کو سماعت کے دوران اپنے وکلاء سے براہِ راست قانونی مشاورت کا موقع ملنا لازمی ہے۔

درخواست میں یہ موقف بھی اپنایا گیا کہ ویڈیو لنک یا واٹس ایپ کال کے ذریعے ٹرائل آئین کے تحت فراہم کردہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اس لیے تمام کارروائیاں کالعدم قرار دی جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسی نوعیت کی درخواست پر اعتراض لگایا گیا تھا جس کے بعد آج دوبارہ درخواست دائر کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.