مائنز اینڈ منرل ایکٹ روک دیا گیا دوبارہ اسمبلی میں لایا جائےگا‘وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (اے این این) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات موجود تھے، تاہم گزشتہ روز دیگر جماعتوں سے مذاکرات کے بعد اس معاملے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے یہ ایکٹ دوبارہ صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا تاکہ تمام فریقین کی مشاورت سے اس میں ترمیم کی جاسکے ‘ان خےالات کا اظہار انہوںنے بلوچستان اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کےا‘ انہو ں نے کہاکہ ہماری جماعت سمیت کئی
دیگر جماعتوں کو بھی اس ایکٹ پر تحفظات تھے‘ ہم نے اپوزیشن کے اراکین اور اسمبلی کے باہر موجود جماعتوں سے بھی بات کی ہے اور اب فیصلہ کیا ہے کہ اس بل کو ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے فی الحال روک دیا جائے۔وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ دوبارہ قائمہ کمیٹی میں لایا جائے گا جہاں تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ضروری ترامیم شامل کی جائیں گی۔ ان کے مطابق اپوزیشن جماعتیں اس ایکٹ کو مکمل طور پر ختم کرنے کے حق میں تھیں، تاہم حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مو قف ہے کہ اس میں ترمیم کر کے ایک متوازن شکل دی جائے تاکہ عوام اور اسٹیک ہولڈرز کے خدشات دور کیے جا سکیں‘
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت عوامی مفاد کے پیش نظر فیصلے کر رہی ہے، اور امید ہے کہ دوبارہ ایوان میں پیش کیے جانے کے بعد اس ایکٹ پر تمام جماعتوں کی مشاورت اور اتفاق سے قانون سازی ہوگی‘اس موقع پر اپوزےشن لےڈر بلوچستان اسمبلی مےر یونس عزےز زہری نے کہا کہ ہماری جماعت سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اس ایکٹ پر تحفظات تھے ہم نے نہ صرف اسمبلی کے اندر بلکہ باہر کی جماعتوں سے بھی اس بارے میں بات کی اور مشترکہ موقف اپنانے کی کوشش کی ہے۔