عمران خان کا اعلان: 27 ستمبر کا جلسہ قوم کی آزادی کیلئے ہو گا، پوری قوم نکلے

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک)بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو ہونے والا جلسہ قوم کی آزادی کے لیے ہے، اس دن پوری قوم کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ جلسے کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے چار اہم پیغامات بھیجے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کی بڑی اہمیت ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر روابط مزید تیز اور بحال رکھنے چاہئیں۔ عمران خان نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت ہمارے لیے سعادت ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ایک گواہ جھوٹا ثابت ہوا ہے، اس جھوٹی گواہی کی بنیاد پر کیس ختم ہونا چاہیے۔ سابق ملٹری سیکریٹری نے بھی تمام دستاویزات درست قرار دی ہیں، لہٰذا امید ہے کہ آئندہ دو تین سماعتوں میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی رہا ہوجائیں گے۔

عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ووٹ چوری کرکے سزا یافتہ افراد کو حکومت دی گئی ہے۔ 26ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو دبانے کی کوشش کی گئی ہے، تاہم جو ججز رول آف لاء کے لیے کھڑے ہیں وہ قوم کے ہیرو ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے لیکن قوم کو آزادی کے لیے نکلنا ہوگا۔ عمران خان نے جلسے کی ذمہ داری علی امین گنڈا پور اور جنید اکبر کو سونپی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ تین سال سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی گئی، مگر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی پارٹی رہنما اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہ کرے، اور اگر کسی نے بات کرنی ہے تو وہ جیل آکر کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.