متنازع ٹوئٹ کیس؛ ایمان مزاری اور ان کے شوہر عدالت میں پیش نہ ہوئے، وارنٹ جاری
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کا حکم، دونوں کو 24 ستمبر کو پیش کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (ویب ڈیسک)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وکیل ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ ایڈووکیٹ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹ کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے دونوں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ انہیں گرفتار کرکے 24 ستمبر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
عدالت کی جانب سے واضح کیا گیا کہ اس سے قبل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو طلبی کے نوٹسز جاری کیے جا چکے تھے، تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔ ملزمان کے وکلاء نے وارنٹ منسوخی کی درخواست دائر کی مگر عدالت نے فوری طور پر یہ استدعا مسترد کر دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کردی۔