شہباز شریف جنرل اسمبلی میں فلسطین اور کشمیر کے حقِ خود ارادیت پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے
وزیراعظم جنرل اسمبلی میں فلسطین اور کشمیر کے حقِ خود ارادیت سمیت عالمی مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) فلسطین کے دوریاستی حل پر اقوام متحدہ کی سربراہی کانفرنس آج منعقد ہوگی، جس میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔ اس کانفرنس کی سربراہی سعودی عرب اور فرانس مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 26 ستمبر تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ فلسطین اور کشمیر کے حقِ خود ارادیت پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں غزہ کے بحران اور فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات کو اجاگر کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے ایجنڈے میں دہشت گردی، ماحولیاتی تبدیلی اور اسلامو فوبیا سمیت دیگر اہم عالمی مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کرنا بھی شامل ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم جنرل اسمبلی کے موقع پر اعلیٰ سطح کی تقریبات اور خصوصی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ وہ اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ امریکی صدر سے ملاقات کے علاوہ اقوام متحدہ کے حکام اور عالمی رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون پر گفتگو ہوگی۔