چمن سرحد کے قریب ٹیکسی اسٹینڈ پر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 3 زخمی

0

چمن/کوئٹہ (چمن نامہ نگار) بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں پاک افغان بارڈر کے قریب ٹیکسی اسٹینڈ پر زور دار دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ دھماکے میں ایک قبائلی رہنما بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر چمن حبیب بنگلزئی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکا خیز مواد مسافروں کے سامان میں رکھا گیا تھا تاہم مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو سول اسپتال چمن منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ بارڈر اور اطراف میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔

حکومت بلوچستان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکام سے رابطہ کیا ہے اور تحقیقات کے لیے اضافی وسائل فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ ترجمان حکومت نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.