یمن کے ساحل پر پانچ انٹرنیٹ کیبلز کٹ گئیں، پاکستان کا انٹرنیٹ متاثر

پاکستان کو آنے والی دو کیبلز متاثر، بحالی میں چار سے پانچ ہفتے لگ سکتے ہیں

0

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ضرار ہاشم نے کہا ہے کہ یمن کے ساحل پر پانچ انٹرنیٹ کیبلز کٹنے کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ متاثر ہوا ہے، ان میں سے پاکستان کو آنے والی دو کیبلز شدید متاثر ہیں جن کی بحالی میں چار سے پانچ ہفتے لگ سکتے ہیں۔

سیکریٹری آئی ٹی نے قائمہ کمیٹی آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیبلز کی بحالی کے لیے خصوصی کشتیاں درکار ہوتی ہیں، تاہم تین مزید سب میرین کیبلز آئندہ 12 سے 18 ماہ میں پاکستان کو دستیاب ہوں گی جو یورپ کے ساتھ براہِ راست کنیکٹیوٹی فراہم کریں گی۔ ان تینوں کیبلز کے معاہدے ہو چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یمن کی صورتحال گھمبیر ہے جس کی وجہ سے انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں، تاہم کمپنیوں نے بینڈوِتھ کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا ہے۔

کمیٹی اجلاس میں انٹرنیٹ سست روی پر تشویش

قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سید امین الحق کی زیرِ صدارت اسلام آباد آئی ٹی پارک میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران رکن کمیٹی صادق میمن نے انٹرنیٹ کی سست روی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ جب تین نئی کیبلز پاکستان آ رہی ہیں تو انٹرنیٹ مسائل کیوں ختم نہیں ہو رہے؟

اسلام آباد آئی ٹی پارک منصوبہ تاخیر کا شکار

اجلاس میں اسلام آباد آئی ٹی پارک منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ سیکریٹری آئی ٹی نے بتایا کہ یہ منصوبہ کوریا کی فنڈنگ سے 78 ملین ڈالر کے قرض پر قائم کیا جا رہا ہے جسے 30 سال میں واپس کیا جائے گا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ منصوبے کی تاخیر کی بڑی وجوہات میں بارشیں، ڈالر کرائسس اور امپورٹ پابندیاں شامل ہیں۔ اب تک منصوبے میں 13 پراجیکٹ مینیجر تبدیل ہو چکے ہیں جبکہ کمپنی نے ڈیوٹیز اور ٹیکسز میں چھوٹ کی بھی درخواست کی تھی۔

چیئرمین کمیٹی سید امین الحق نے منصوبے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت آئی ٹی کو کمپنی کو اظہارِ ناراضی کا خط لکھنے اور سخت ایکشن پر غور کرنے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر منصوبہ 31 اکتوبر تک مکمل نہ ہوا تو کمپنی کو بلیک لسٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔

کورین کمپنی کے نمائندے نے یقین دلایا کہ منصوبے کا بیشتر کام 31 دسمبر تک مکمل ہو جائے گا جبکہ فروری 2026 تک اسلام آباد آئی ٹی پارک کی کمیشننگ مکمل کر لی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.