توشہ خانہ ٹو کیس: دو اہم گواہوں کے بیانات منظرعام پر، اہم انکشافات

0

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) توشہ خانہ ٹو کیس میں دو اہم گواہان کے بیانات عدالت میں ریکارڈ کرائے گئے ہیں جن میں سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف بڑے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گواہان میں بانی پی ٹی آئی کے سابق پرسنل سیکرٹری انعام اللہ شاہ اور وعدہ معاف گواہ صہیب عباسی شامل ہیں۔ دونوں نے عدالت اور نیب کے سامنے بیانات ریکارڈ کراتے ہوئے اعتراف کیا کہ بلغاری جیولری سیٹ کی اصل قیمت کم ظاہر کی گئی تاکہ اسے توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے ذاتی استعمال میں رکھا جا سکے۔

پرائیویٹ اپریزر صہیب عباسی نے اعتراف کیا کہ انعام اللہ شاہ کے دباؤ پر جیولری سیٹ کی ویلیو صرف 50 لاکھ روپے لگائی گئی، حالانکہ اصل قیمت ساڑھے سات کروڑ روپے تھی۔ صہیب عباسی نے بتایا کہ “انعام اللہ شاہ نے دھمکی دی کہ اگر ویلیو کم نہ کی تو سرکاری محکموں سے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا”، جس پر مجبوراﹰ رپورٹ تبدیل کی۔

صہیب عباسی کے مطابق انہوں نے نیب کے سامنے معافی مانگی اور تمام دستاویزات خود فراہم کیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجسٹریٹ کے روبرو بھی دباؤ کے تحت قدر کم کرنے کا اعتراف کیا۔

دوسری جانب انعام اللہ شاہ نے اپنے بیان میں مانا کہ انہوں نے جیولری سیٹ کی قدر کم کرنے کا کہا تھا اور یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ بیک وقت سرکاری نوکری اور پی ٹی آئی سے ڈبل تنخواہیں وصول کرتے رہے۔ ان کے مطابق یہ جیولری سیٹ سعودی ولی عہد نے بطور تحفہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دیا تھا، جو بعد میں توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا گیا۔

نیب حکام کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جیولری سیٹ کی ویلیو 59 لاکھ روپے لگوا کر صرف 29 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کرائے اور قیمتی سیٹ اپنے پاس رکھا، جس میں نیکلیس، بریسلیٹ، ائیر رنگز اور ایک انگوٹھی شامل تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.