بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور جھٹکا، بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو فی یونٹ 19 پیسے بڑھانے کی درخواست جمع کرا دی ہے۔
سی پی پی اے کی جانب سے یہ اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اگست کے لیے مانگا گیا ہے جس پر سماعت 29 ستمبر کو ہوگی۔
درخواست کے مطابق اگست میں مجموعی طور پر 14 ارب 22 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جن میں سے 13 ارب 71 کروڑ 50 لاکھ یونٹس تقسیم کار کمپنیوں کو فراہم کی گئیں۔ بجلی کی اوسط لاگت 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ ریفرنس لاگت 7 روپے 31 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی تھی۔
ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت قیمت میں اضافہ کے الیکٹرک صارفین پر بھی لاگو ہوگا، یوں ملک بھر کے صارفین اس بوجھ سے متاثر ہوں گے۔