غزہ,اسرائیلی فوج کا شہر کے وسط میں داخلہ، فضائی اور زمینی کارروائیاں تیز
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 60 فلسطینی شہید، 16 عمارتیں تباہ
غزہ (ویب ڈیسک) عرب میڈیا کے مطابق کئی ہفتوں سے جاری فضائی بمباری اور بلند عمارتوں کی تباہی کے بعد اسرائیلی فوج ٹینکوں کے ساتھ غزہ شہر کے وسط میں داخل ہوگئی ہے۔ فضائی حملے بدستور جاری ہیں جبکہ زمینی کارروائی میں بھی غیر معمولی شدت آگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق غزہ شہر میں بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے جس کے باعث ہزاروں افراد محفوظ مقامات کی جانب ہجرت کررہے ہیں، تاہم متعدد شہری اپنے گھروں کو چھوڑنے سے انکاری ہیں۔
ادھر اسرائیل کے دورے پر موجود امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کا آپریشن جاری ہے اور ممکنہ معاہدوں کے لیے صرف چند دن یا ہفتے باقی ہیں۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 3 صحافیوں سمیت 60 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ اسکولوں اور کلینکس سمیت 16 عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہوگئیں۔