وزیر اعظم شہباز شریف کا دوحا میں امیرِ قطر سے اظہارِ یکجہتی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) — وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دوحا میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات میں کہا کہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کی آج پہلے سے زیادہ ضرورت ہے، پاکستان ہر حال میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔یہ ملاقات دوحا میں بلائے گئے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم نے 9 ستمبر کو دوحا میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین پامالی ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ حالیہ دورہ قطر دونوں ممالک کے تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہے اور یہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت فوری طور پر رکنی چاہیے اور امتِ مسلمہ کو یکجا ہو کر اس کے خلاف مو ثر لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔
وزیر اعظم نے قطر کی جانب سے عرب اسلامی سربراہی اجلاس بلانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھی قطر کی درخواست پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی کوشش کی تاکہ عالمی سطح پر مو ثر اقدامات کیے جا سکیں۔امیرِ قطر نے وزیر اعظم کے دورہ دوحہ اور اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر خطے کے بدلتے حالات کے تناظر میں قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھیں گے۔