دھمکیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے: وفاقی وزرا
وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی پیشکش پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ نے لاہور ماڈل ٹاؤن میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات عمران خان کی ضرورت ہیں ہماری نہیں، کوئی ایڈونچر کرنا چاہتا تو کر لے، اسمبلیاں توڑنے کا حصہ نہیں بنیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے فیصلہ ہو گا، چیئرمین پی ٹی آئی نے 4 سال تک اپوزیشن سے ہاتھ نہیں ملایا، کوئی ہم سے دھمکی آمیز مذاکرات کرنے کی کوشش نہ کرے۔
وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی نے کہا کہ عمران خان نے کل دھمکی آمیز مذاکرات کی پیشکش کی، ہمارے بعض اتحادیوں کو ان سے بات کرنے پر شدید تحفظات ہیں، دھمکیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے، مذاکرات ان کی ضرورت ہیں ہماری نہیں، یہ لوگ مذاکرات کا خود کہتے ہیں اور بتاتے ہوئے شرماتے ہیں۔
سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے نزدیک اسمبلیاں توڑنا احسن عمل نہیں، ہم چاہتے ہیں الیکشن اپنے وقت پر ہوں، اگر آپ مذاکرات چاہتے ہیں تو فیصلہ پی ڈی ایم کرےگی، مذاکرات کا عمل سیاست کاحصہ ہے، آپ سنجیدہ بات کریں گے تو سنجیدہ جواب ملے گا، شہبازشریف کی میثاق معیشت کی پیشکش کا عمران خان کی حکومت نےمذاق اڑایا، پچھلی حکومت سے قانون سازی میں تعاون کیا اور ہربارہمیں این آراو کا طعنہ دیاگیا۔