بلوچستان میں بدامنی اور دیگر حل طلب مسائل کے حل کے لیے آل پارٹیز کانفرنس ناگزیر ہے. اسلم اچکزئی

0

کوئٹہ: بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک، تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے آل پارٹیز کانفرنس ناگزیر ہے، اسلم خان اچکزئی
کوئٹہ(پ ر) مظلوم عوامی تحریک پاکستان بلوچستان کے صوبائی صدر اسلم خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اس وقت بلوچستان میں کسی بھی شہری کی جان و مال محفوظ نہیں رہی، جبکہ صوبائی حکومت صوبے میں امن و امان قائم رکھنے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے یہ بات ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی، سماجی اور طبی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اسلم خان اچکزئی نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والی تیزاب گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات پورے معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسے گھناؤنے جرم کی جرأت نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں سمیت تمام سرکاری و نجی ملازمین اور عام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی آئینی ذمہ داری ہے۔ صرف ڈاکٹروں ہی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو بلاامتیاز تحفظ، انصاف اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر صوبے کو درپیش تمام مسائل پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ڈاکٹروں کے مسائل تک محدود رہنے کے بجائے امن و امان، تعلیم، صحت، روزگار، بجلی، پانی، مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک جامع آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
اسلم خان اچکزئی نے کہا کہ مظلوم عوامی تحریک پاکستان کے چیئرمین حاجی صادق خان اچکزئی کا واضح وژن ہے کہ بلوچستان میں کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ، انصاف اور بنیادی سہولیات صرف کسی مخصوص طبقے یا فرد واحد کے لیے نہیں بلکہ معاشرے کے ہر عام و خاص شہری کا بنیادی حق ہیں، اور مظلوم عوامی تحریک پاکستان ان حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی و جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، خواتین، ڈاکٹروں اور دیگر پیشہ ور افراد کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی اور عدم تحفظ کا خاتمہ ہو سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.